روس کی امریکا کے ساتھ کشیدگی میں وینزویلا کی بھرپور حمایت کا اعلان

Sergey Lavrov Sergey Lavrov

روس کی امریکا کے ساتھ کشیدگی میں وینزویلا کی بھرپور حمایت کا اعلان

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی اور کیریبین میں امریکی فوجی ناکہ بندی کے تناظر میں وینزویلا کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ ماسکو میں روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روس، وینزویلا پر بڑھتے ہوئے امریکی دباؤ اور عسکری اقدامات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے۔ بیان کے مطابق پیر کے روز روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے وینزویلا کے ہم منصب ایوان گل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کے دوران لاوروف نے کیریبین سمندر میں امریکا کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیز سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ روسی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ امریکی بحری اور عسکری موجودگی میں اضافہ نہ صرف خطے کے لیے دور رس نتائج کا باعث بن سکتا ہے بلکہ عالمی بحری آمد و رفت کے لیے بھی خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔

امریکا نے ستمبر سے اب تک کیریبین خطے میں متعدد بحری جہاز تعینات کر رکھے ہیں اور ان کشتیوں اور آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن کے بارے میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ وہ منشیات اسمگلنگ یا وینزویلا حکومت کی مدد سے سرگرم ہیں۔ تاہم وینزویلا نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے امریکا پر قدرتی وسائل تک رسائی حاصل کرنے اور حکومت کی تبدیلی کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔ گزشتہ دنوں امریکی میڈیا نے نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی کوسٹ گارڈ کیریبین میں ایک وینزویلا سے منسلک آئل ٹینکر کا تعاقب کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکا اب تک دو آئل ٹینکروں کو قبضے میں لے چکا ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زمینی حملوں کے امکان کا عندیہ بھی دیا ہے۔ وینزویلا نے امریکی بحریہ کی جانب سے آئل ٹینکروں کی ضبطی کو کھلی سمندری قزاقی قرار دیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ واشنگٹن کاراکاس میں کٹھ پتلی حکومت قائم کرنا چاہتا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن پہلے ہی وینزویلا کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو کی حکومت کی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس سے قبل چین نے بھی وینزویلا کی حمایت کرتے ہوئے یکطرفہ دباؤ اور دھونس کی پالیسیوں کی مخالفت کی تھی۔

Advertisement