آج قومی ایئر لائن کی نجکاری کا تاریخی دن، وزیراعظم شہباز شریف

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

آج قومی ایئر لائن کی نجکاری کا تاریخی دن، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج قومی ایئر لائن کی نجکاری کا دن ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ قومی فضائی ادارے کی نجکاری کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کے لیے متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے بڑی عرق ریزی اور محنت سے کام کیا۔ ان کے مطابق نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے اس پورے عمل میں نمایاں کردار ادا کیا۔ بولیاں سربمہر لفافوں میں موصول ہوئیں اور بولی کا پورا عمل براہِ راست دکھایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو آگے بڑھنا ہے اور اس مقصد کے لیے حکومت ہر ضروری اور مشکل اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اصلاحات کے بغیر معیشت کو درست سمت میں نہیں لایا جا سکتا۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور اس کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔ اگر وہ واقعی سنجیدہ ہیں تو حکومتِ پاکستان بھی بات چیت کے لیے تیار ہے۔ تاہم انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے، البتہ جائز اور آئینی نکات کی بنیاد پر ڈائیلاگ آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن قومی مفاد پر اتفاق ضروری ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملنے والے کنگ عبدالعزیز ایوارڈ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ اعزاز کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے۔

Advertisement