روس– نے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کی خوشخبری سنا دی-

Maria Zakharova Maria Zakharova

روس– نے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کی خوشخبری سنا دی-

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)

ماسکو — روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سال 2025 روس اور پاکستان کے تعلقات کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔ اس سال کے دوران دونوں ممالک نے سیاسی مکالمے سے آگے بڑھ کر عملی اور نتیجہ خیز تعاون کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے۔

Advertisement

یہ بات ماریا زاخارووا نے پاکستانی صحافی اور ’’صدائے روس‘‘ کے چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی کے ایک سوال کے جواب میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال روس اور پاکستان کے درمیان نہ صرف روایتی طور پر متحرک اور تعمیری سفارتی مکالمہ جاری رہا بلکہ اس دوران کئی ٹھوس اقدامات بھی سامنے آئے۔

ماریا زاخارووا نے مثالوں کے طور پر ذکر کیا کہ ستمبر 2025 میں روسی صدر اور پاکستانی وزیرِ اعظم کے درمیان اہم مذاکرات ہوئے، دسمبر میں اشک آباد میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، اور مئی میں پاکستانی سینیٹ کا ایک وفد ماسکو آیا۔ نومبر میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی، اقتصادی اور سائنسی تعاون کے مشترکہ کمیشن کا دسویں اجلاس بھی منعقد ہوا، جو کہ ایک یادگاری سنگِ میل تھا۔

زاخارووا نے مزید کہا کہ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور کے ساتھ ساتھ عملی تعاون کے کئی منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کراچی میں سوویت تعاون سے قائم کردہ اسٹیل مل کی بحالی، زرعی مصنوعات اور دواسازی بشمول انسولین کی پیداوار اور شمال–جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور کے تحت آزمائشی مال برداری کے منصوبوں کا ذکر کیا۔

اس موقع پر اشتیاق ہمدانی نے ماریا زاخارووا کو ان کی سفارتی سرگرمیوں اور دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ماریا زاخارووا نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2030 تک تجارتی و اقتصادی تعاون کے لیے مجوزہ پروگرام کی منظوری کے بعد روس اور پاکستان کی شراکت داری مزید مضبوط، منظم اور پائیدار ہو جائے گی۔