کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان امن مذاکرات میں مدد کے لیے تیار ہیں، امریکہ

Marco Rubio Marco Rubio

کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان امن مذاکرات میں مدد کے لیے تیار ہیں، امریکہ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ٹامی پیگوٹ نے ایک تحریری بیان میں بتائی۔ بیان کے مطابق مارکو روبیو نے ٹیلی فون پر کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیت سے بات چیت کی، جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے لیے خواہش کا اعادہ کیا اور کوالالمپور امن معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ ٹامی پیگوٹ کے مطابق مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کو تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر ہلکے ہتھیاروں کے ساتھ جھڑپوں کا آغاز ہوا تھا۔ کمبوڈیا کی وزارت دفاع کے مطابق، تھائی مسلح افواج کی جانب سے کئی روز تک اشتعال انگیز اقدامات کے بعد کمبوڈیائی مورچوں پر حملے کیے گئے۔

Advertisement

12 دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ انہوں نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے وزرائے اعظم سے فون پر بات کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے 24 گھنٹوں کے اندر جنگ بندی اور امن معاہدوں پر واپس آنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم اس کے باوجود جھڑپیں جاری رہیں۔

اس ہفتے کے آغاز میں تھائی وزارت خارجہ نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ دونوں ممالک کی جنرل بارڈر کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس 27 دسمبر کو منعقد ہوگا، جس میں جنگ بندی کے قیام پر غور کیا جائے گا۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے بھی تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی پر مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے۔