سینٹ پیٹرزبرگ نئے سال پر شدید سردی اور برفباری کی پیش گوئی

Snow Snow

سینٹ پیٹرزبرگ نئے سال پر شدید سردی اور برفباری کی پیش گوئی

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ اور اس سے ملحقہ لینن گراڈ ریجن میں سال 2025 کے آخری دنوں میں موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق نئے سال کی آمد پر شہر شدید سردی اور برفباری کی لپیٹ میں آ جائے گا، جہاں درجہ حرارت منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ روسی محکمہ موسمیات کے سائنسی ڈائریکٹر رومن ولفاند کے مطابق دسمبر کے آخری ہفتے کے اختتام پر اور پیر 29 دسمبر تک موسم غیر مستحکم رہے گا۔ اس دوران درجہ حرارت منفی 4 سے مثبت 1 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، جبکہ فضا میں نمی کے باعث ژالہ باری، برفانی بارش اور ہلکی بارش متوقع ہے۔ تاہم پیر کے روز موسم میں اچانک تبدیلی آئے گی۔ ماہرین کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ ایک طاقتور سائیکلون کے مغربی حصے میں داخل ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں شمالی علاقوں سے شدید سرد ہوا کے دباؤ شہر میں داخل ہوں گے۔ یہی مرحلہ بتدریج مگر مسلسل سردی میں اضافے کا آغاز ثابت ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے وسط تک رات کے اوقات میں درجہ حرارت منفی 3 سے منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا، جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت عارضی طور پر مثبت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

نئے سال کی شام یعنی 31 دسمبر کو درجہ حرارت منفی 6 سے منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ یکم جنوری کی رات کو سردی میں مزید شدت آئے گی اور درجہ حرارت منفی 12 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ بعض علاقوں میں شدید برفباری اور یخ بستہ ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Advertisement

لینن گراڈ ریجن میں بھی موسم کا انداز سینٹ پیٹرزبرگ سے مماثلت رکھے گا۔ رومن ولفاند کے مطابق پری ہالیڈے دنوں میں درجہ حرارت صفر کے آس پاس رہے گا اور ژالہ باری و بارش متوقع ہے۔ تاہم 29 دسمبر کے بعد ریجن سائیکلون کے پچھلے حصے میں داخل ہوگا، جس کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی شروع ہو جائے گی۔ ماہرین کے مطابق لینن گراڈ ریجن میں رات کے وقت درجہ حرارت منفی 3 سے منفی 8 ڈگری جبکہ دن میں صفر سے مثبت 5 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ بدھ کے روز سے موسم مکمل طور پر سردیوں کی شکل اختیار کر لے گا اور برفانی حالات غالب آ جائیں گے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو شدید سردی، برفباری اور پھسلن کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔