نئے سال کا تحفہ: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان
اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومت نے نئے سال کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں واضح کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر طے کی گئی ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گیا ہے۔ یہ کمی نئے سال کے آغاز پر عوام کے لیے ایک اہم ریلیف کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔