شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کرغیزستان کے پاس منتقل

Kyrgyzstan President Sadyr Japarov Kyrgyzstan President Sadyr Japarov

شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کرغیزستان کے پاس منتقل

بشکیک (صداۓ روس)
شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی دو ہزار چھبیس کے لیے باضابطہ طور پر کرغیزستان کو منتقل ہو گئی ہے۔ کرغیز صدر صدر جاپاروف نے اس موقع پر کہا ہے کہ تنظیم کی چیئرمین شپ کے دوران کرغیزستان کی توجہ مالیاتی نظام کی مضبوطی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ پر مرکوز رہے گی۔ یہ کرغیزستان کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ہے کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کی قیادت سنبھال رہا ہے۔ صدر جاپاروف کے مطابق کرغیز چیئرمین شپ کا نعرہ ہوگا ’’شنگھائی تعاون تنظیم کے پچیس سال: پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب مشترکہ سفر‘‘۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس دور میں اقتصادی تعاون کی صلاحیتوں کو عملی شکل دینا اولین ترجیح ہوگی۔ اسی تناظر میں کرغیزستان تنظیم کے اندر ایک مؤثر مالیاتی نظام کے قیام کے مسئلے کو تیزی سے حل کرنے کی تجویز دے رہا ہے، جس میں شنگھائی تعاون تنظیم کا ترقیاتی بینک، ترقیاتی فنڈ اور سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنا شامل ہے، تاکہ خطے میں اقتصادی انضمام کو فروغ دیا جا سکے۔ صدر جاپاروف نے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں کو بھی غیر معمولی اہمیت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرغیز چیئرمین شپ کے دوران رکن ممالک کے درمیان سڑک اور ریلوے ٹرانسپورٹ کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے، نئی تجارتی راہداریوں کے قیام اور تنظیم کے رکن ممالک کی ٹرانزٹ صلاحیتوں کے مؤثر استعمال کے لیے کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

سلامتی کے شعبے میں بات کرتے ہوئے صدر جاپاروف نے کہا کہ کرغیزستان اس سال بھی رکن ممالک کو درپیش سلامتی کے خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کو مضبوط بناتا رہے گا۔ انہوں نے خاص طور پر دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے بین الاقوامی منظم جرائم کے خلاف مرکز کا قیام، جو کرغیزستان کے اقدام پر عمل میں آ رہا ہے، تنظیم کے پورے خطے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ماحولیاتی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر جاپاروف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب کوئی فرضی خطرہ نہیں بلکہ ایک تلخ حقیقت بن چکی ہے۔ اس لیے کرغیزستان تجویز دے رہا ہے کہ رکن ممالک سبز معیشت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون کو فعال بنائیں اور مشترکہ ماحول دوست منصوبوں پر کام کریں۔ ڈیجیٹل ترقی اور نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے صدر جاپاروف نے اعلان کیا کہ کرغیزستان اپنی چیئرمین شپ کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کا یوتھ ڈیجیٹل فورم منعقد کرنے کی تجویز پیش کرے گا اور تنظیم کے رکن ممالک میں ڈیجیٹل تبدیلی سے متعلق مشترکہ منصوبوں کے نفاذ میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ثقافتی اور کھیلوں کے میدان میں تعاون کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ثقافتی اور کھیلوں کے وفود کو دو ہزار چھبیس کے موسم خزاں میں کرغیزستان میں منعقد ہونے والے عالمی خانہ بدوش کھیلوں میں شرکت کی دعوت دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یاد دلایا کہ جھیل اسیک کول کے کنارے واقع سیاحتی شہر چولپون آتا کو شنگھائی تعاون تنظیم کا سیاحت اور ثقافتی دارالحکومت قرار دیا جا چکا ہے، جو تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Advertisement