پاکستان میں سال نو کا شاندار آتش بازی سے آغاز، لاہور میں تاریخی جشن

Lahore Lahore

پاکستان میں سال نو کا شاندار آتش بازی سے آغاز، لاہور میں تاریخی جشن

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان میں سال 2026 کا آغاز شاندار آتش بازی اور بھرپور جشن کے ساتھ ہوا۔ نئے سال کی آمد پر ملک کے مختلف شہروں میں خوشی، جوش اور مسرت کا اظہار دیکھنے میں آیا۔ رات بارہ بجتے ہی آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اُٹھا اور عوام نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارک باد دی۔ لاہور میں سال نو کا جشن خصوصی طور پر تاریخی حیثیت اختیار کرگیا، جہاں لبرٹی چوک پر شاندار اور دیدہ زیب آتش بازی کی گئی۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے موبائل فونز کے ذریعے ان مناظر کو محفوظ کیا۔ کراچی میں گورنر ہاؤس میں بھی شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں میوزیکل نائٹس اور تقریبات منعقد ہوئیں۔ کوئٹہ میں بھی موسیقی اور آتش بازی کے ذریعے نئے سال کا استقبال کیا گیا۔ دنیا بھر میں نئے سال کے آغاز کا سلسلہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ سے شروع ہوا، جس کے بعد آسٹریلیا، جاپان، چین، انڈونیشیا، بنگلادیش، نیپال اور بھارت سے ہوتا ہوا نیا سال پاکستان میں داخل ہوا۔ جیسے ہی گھڑی نے رات بارہ بجنے کا اعلان کیا، پاکستان بھر میں 2026 کی آمد پر خوشی کا اظہار شروع ہوگیا۔

کراچی میں شہری سال نو کے جشن میں دیوانہ وار مگن دکھائی دیے۔ سڑکوں پر گاڑی سواروں نے ہارن بجا کر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ ساحلِ سمندر سی ویو پر بڑی تعداد میں لوگوں نے نئے سال کی آمد کا جشن منایا۔ آتش بازی کے حسین مناظر نے لوگوں کی نظریں آسمان پر جما دیں۔ دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، ملتان، پشاور، کوئٹہ، سکھر اور حیدر آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی سال نو کے موقع پر آتش بازی، تقریبات اور عوامی اجتماعات دیکھنے میں آئے۔ کہیں میوزیکل شو منعقد ہوئے تو کہیں نوجوانوں نے ہلہ گلہ اور خوشی مناتے ہوئے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔

Advertisement