کینیڈا: شراب کی بو پر ایئر انڈیا کے پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
کینیڈا کے شہر وینکوور ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ سے شراب کی بو آنے پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 23 دسمبر کو پیش آیا، جب پائلٹ پرواز سے قبل ڈیوٹی فری اسٹور سے خریداری کر رہا تھا۔ ایئرپورٹ عملے نے پائلٹ سے شراب کی بو محسوس کی اور اسے شراب خریدتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد کینیڈین حکام کو اطلاع دی گئی۔ حکام نے پائلٹ کا ’بریتھ اینالائزر‘ ٹیسٹ کیا اور مزید تفتیش کے لیے اسے روک کر حراست میں لے لیا۔ اس معاملے پر ایئر انڈیا نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین حکام نے پائلٹ کے ’ڈیوٹی کے لیے موزوں‘ ہونے پر تحفظات ظاہر کیے، جس کے بعد اسے فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔ دوسری جانب بھارت کے ہوابازی کے ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے ایئر انڈیا کے ایک اور کاک پٹ کریو کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ الزام ہے کہ پائلٹس نے دہلی اور ٹوکیو کے درمیان متعدد پروازیں سنگین خامیوں کے باوجود آپریٹ کیں۔ ڈی جی سی اے نے دو ہفتوں کے اندر ایئر انڈیا سے وضاحت طلب کی ہے۔