زیلنسکی دور میں یوکرین کو بطور ریاست وجود کا کوئی حق حاصل نہیں،یوکرینی رہنما
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
یوکرین میں صدر ولادیمیر زیلنسکی کی قیادت کو ایک “دہشت گردانہ نظام” قرار دیتے ہوئے دیگر یوکرین تحریک کے سربراہ وکٹر میدویدچک نے کہا ہے کہ اس شکل میں یوکرین کو بطور ریاست وجود میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میدویدچک نے خبر رساں ایجنسی تاس سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بیان خرسون ریجن میں ایک کیفے اور ہوٹل پر ہونے والے مبینہ یوکرینی حملے کے تناظر میں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیلنسکی اور ان کے قریبی حلقے نے یوکرین میں طاقت پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور وہ اقوام متحدہ کے بین الاقوامی قوانین اور انسداد دہشت گردی کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے روسی سرزمین پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
وکٹر میدویدچک کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد دانستہ طور پر عام شہریوں کو نشانہ بنانا ہے، جو کہ ریاستی دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسی ریاست، جو منظم انداز میں شہری آبادی کے قتل میں ملوث ہو، کو وجود میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی ریاست کو ختم کیا جانا چاہیے اور یوکرینی عوام کو خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔