چین کا وینزویلا میں امریکی اقدام پر شدید تشویش کا اظہار، مادورو کی رہائی کا مطالبہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
چین نے وینزویلا میں امریکا کی جانب سے کیے گئے حالیہ اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو زبردستی حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کرنا نہایت تشویشناک عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین، بین الریاستی تعلقات کے بنیادی اصولوں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین اس عمل کی سخت مخالفت کرتا ہے اور امریکا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی سلامتی کو یقینی بنائے اور انہیں فوری طور پر رہا کرے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا وینزویلا کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششیں ترک کرے اور تمام تنازعات کا حل مذاکرات اور سیاسی ذرائع سے تلاش کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی خودمختار ملک کے داخلی معاملات میں فوجی مداخلت نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرناک ہے۔
واضح رہے کہ وینزویلا پر امریکی حملے کے بعد صدر نکولس مادورو کو حراست میں لے کر طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں اور ان کی اہلیہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بروکلین کے ایک حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نکولس مادورو کو نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان پر منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔