سکیورٹی خدشات: بنگلادیش نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت جانے سے انکار کردیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ ڈائریکٹرز کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جو آج دوپہر منعقد ہوا۔ بی سی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس کے دوران بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تازہ صورتحال اور مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ غور و خوض کے بعد بورڈ آف گورنرز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں بنگلادیشی قومی ٹیم کا بھارت کا سفر مناسب نہیں ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی اجلاس میں زیر بحث لایا گیا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز، بورڈ اراکین اور دیگر متعلقہ فریقوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی موجودہ صورتحال کو سمجھتے ہوئے جلد اس معاملے پر اپنا مؤقف سامنے لائے گی۔