امریکہ گرین لینڈ پر قبضے کا منصوبہ بنا رہا ہے، سابق ٹرمپ عہدیدار کا پیغام

Katie Miller Katie Miller

امریکہ گرین لینڈ پر قبضے کا منصوبہ بنا رہا ہے، سابق ٹرمپ عہدیدار کا پیغام

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق دورِ حکومت سے وابستہ ایک اعلیٰ عہدیدار نے اشارہ دیا ہے کہ امریکا جلد گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ اشارہ ایک مختصر اور مبہم سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دیا گیا ہے جس نے ڈنمارک اور امریکا کے تعلقات میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سابق امریکی عہدیدار اور صدر ٹرمپ کے قریبی معاون اسٹیفن ملر کی اہلیہ، کیٹی ملر، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گرین لینڈ کا نقشہ امریکی پرچم کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے صرف ایک لفظ تحریر کیا: “جلد”۔ اس پوسٹ کے ساتھ کوئی وضاحت یا باضابطہ پالیسی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم اسے واشنگٹن کے اندرونی حلقوں کی سوچ کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار 2019 میں گرین لینڈ خریدنے کی تجویز دی تھی، جسے ڈنمارک اور گرین لینڈ کی مقامی قیادت نے فوری طور پر مسترد کر دیا تھا۔ دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ٹرمپ نے اس خیال کو ایک بار پھر زندہ کرتے ہوئے کہا کہ گرین لینڈ امریکی قومی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے اور اس تناظر میں طاقت کے استعمال کا عندیہ بھی دیا۔ اس کے ردعمل میں ڈنمارک نے آرکٹک خطے میں اپنے دفاعی اقدامات اور نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے۔

اگرچہ کیٹی ملر اس وقت کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں، تاہم وہ ٹرمپ انتظامیہ سے قریبی تعلقات رکھتی ہیں اور ان کے بیانات کو اکثر صدر کے اندرونی حلقے کی سوچ سے جوڑا جاتا ہے۔ ان کی پوسٹ کے بعد امریکا میں ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورینسن نے واضح کیا کہ کوپن ہیگن امریکا کو قریبی اتحادی سمجھتا ہے، مگر ڈنمارک کی علاقائی سالمیت کے مکمل احترام کی توقع رکھتا ہے۔

Advertisement

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے وینزویلا میں فوجی کارروائی پر بھی عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے، جس پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے امریکا سے تحمل اور بین الاقوامی قوانین کے احترام پر زور دیا ہے۔