امریکی دفاعی بجٹ میں اضافہ ممکنہ عالمی جنگ کی تیاری ہے، ٹکر کارلسن
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی دفاعی بجٹ میں نمایاں اضافے کا اعلان اس بات کی علامت ہو سکتا ہے کہ امریکہ کسی بڑی عالمی یا علاقائی جنگ کی تیاری کر رہا ہے۔ ٹکر کارلسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نشر ہونے والے اپنے پروگرام میں کہا کہ امریکی صدر نے پینٹاگون کے بجٹ کو موجودہ سطح سے بڑھا کر 2027 تک ڈیڑھ کھرب ڈالر تک لے جانے کا عندیہ دیا ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کا دفاعی بجٹ عام طور پر ایسے ممالک کا ہوتا ہے جو بڑے پیمانے پر جنگ کی تیاری کر رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی اخراجات میں اس قدر تیز رفتار اور وسیع اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی حالات خطرناک سمت میں جا رہے ہیں اور دنیا ایک نئی عالمی جنگ کے دہانے کی طرف بڑھ سکتی ہے۔ ٹکر کارلسن کے مطابق موجودہ امریکی پالیسیوں اور عسکری منصوبہ بندی سے یہی تاثر ملتا ہے کہ واشنگٹن مستقبل میں بڑے تصادم کے لیے خود کو تیار کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دفاعی بجٹ میں یہ اضافہ عملی صورت اختیار کرتا ہے تو اس کے عالمی سیاست، بین الاقوامی سلامتی اور طاقت کے توازن پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے، جس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔