خراب موسم کے باعث ماسکو ریجن میں پروازوں کے شیڈول میں رد و بدل
ماسکو (صداۓ روس)
ماسکو ریجن میں خراب موسمی حالات کے باعث پروازوں کے شیڈول میں عارضی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے تحت رات کے وقت دو طیاروں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا۔ یہ بات روسی سول ایوی ایشن اتھارٹی روساویاتسیا کے ترجمان آرتیوم کورینیایکو نے 9 جنوری کو بتائی۔ انہوں نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر لکھا کہ یہ اقدام موسمِ سرما کے دوران پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر تھا۔ ان کے مطابق خراب موسم کے باعث فلائٹ آپریشن میں معمولی رد و بدل کیا گیا اور دو طیاروں کو متبادل ایئر فیلڈز کی جانب موڑا گیا. آرتیوم کورینیایکو کے مطابق شیریمیٹیوو ہوائی اڈہ برف باری کے باوجود معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ ڈوموڈیڈوو ہوائی اڈے پر بھی موسمی حالات سے بڑے پیمانے پر کوئی خلل پیدا نہیں ہوا، تاہم رن وے کی صفائی کے باعث معمولی تبدیلیاں ممکن ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر گراؤنڈ سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ روانہ ہونے والے طیاروں پر ڈی آئسنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ ہوائی اڈوں پر کیمیکل ری ایجنٹس اور مخصوص مائع مواد پہلے سے ذخیرہ کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 8 جنوری کو سائیکلون فرانسس نے ماسکو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کے باعث شدید برف باری، سڑکوں پر پھسلن اور برف کے تودے بن گئے۔ اس دوران دارالحکومت میں 15 سے 18 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ جاری کی گئی ویڈیوز میں ماسکو کی سڑکوں اور مختلف علاقوں میں شدید برف باری کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔