ہاٹ ایئر بیلون میں سفر کے شوقین پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

Hot Air Balloon Hot Air Balloon

ہاٹ ایئر بیلون میں سفر کے شوقین پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستانی شہری اب ہاٹ ایئر بیلون کے سفر اور پیراگلائیڈنگ کے ذریعے فضاؤں میں اڑتے ہوئے دارالحکومت کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے تفریح اور ایڈونچر کا ایک نیا موقع سامنے آ گیا ہے۔ پارک ویو سٹی میں ہاٹ ایئر بیلون اور پیراگلائیڈنگ کو مستقل تفریحی سرگرمیوں کے طور پر متعارف کرا دیا گیا ہے۔ پارک ویو سٹی انتظامیہ نے بتایا کہ یہ اقدام پاک گلائیڈنگ ایڈونچر کلب کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد شہریوں کو اسلام آباد کا منفرد اور دلکش فضائی نظارہ فراہم کرنا ہے۔
ہاٹ ایئر بیلون کے ذریعے شرکا پرسکون اور وسیع مناظر کا لطف اٹھا سکیں گے جبکہ پیراگلائیڈنگ سنسنی خیز اور ایڈونچر سے بھرپور تجربہ دے گی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ سہولت پارک ویو سٹی کے ڈاؤن ٹاؤن ایریا میں ایڈونچر اور لگژری کے امتزاج کے طور پر پیش کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو شہر سے باہر جائے بغیر ایک یادگار تجربہ مل سکے۔
اگرچہ اب تک رائیڈز کی مکمل قیمتوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام فضائی سرگرمیاں موسم اور حد نگاہ کی صورتحال سے مشروط ہوں گی۔ شرکا کو حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔