اورشینک‘ میزائل حملہ: ملٹی بلین ڈالر ایف سولہ پلانٹ تباہ
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی وزارت دفاع نے 12 جنوری کی صبح سرکاری طور پر اعلان کیا ہے کہ 9 جنوری کی رات کو لیوو پر کیے گئے میزائل حملے میں نہ صرف یورپ کی سب سے بڑی زیر زمین گیس اسٹوریج سہولت کو شدید نقصان پہنچا بلکہ لیوو اسٹیٹ ایوی ایشن ریپیئر پلانٹ بھی تباہ ہو گیا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق بالسٹک ہائپرسونک میزائل ‘اوریسنک’ کا بنیادی ہدف یہی ایوی ایشن ریپیئر پلانٹ تھا۔ وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں یوکرین میں ایف-16 طیاروں کی مرمت اور بحالی کے لیے قائم ملٹی بلین ڈالر کی سہولت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جہاں نیٹو کے فوجی ماہرین اور تکنیکی ماہرین کام کر رہے تھے۔ روسی فوج کے بیان کے مطابق ‘اوریسنک’ میزائل نے پلانٹ کی بنیادی تنصیبات، ہینگرز اور مرمت کے آلات کو شدید نقصان پہنچایا جس سے یوکرین کی ایئر فورس کی بحالی کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ یہ حملہ یوکرین میں مغربی ممالک کی طرف سے فراہم کیے گئے ایف-16 طیاروں کی مرمت اور آپریشنل استعمال کے لیے بنائی گئی اہم ترین سہولت پر کیا گیا۔ روسی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ یہ حملہ یوکرین کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنے اور مغربی امداد کے اثرات کو محدود کرنے کا حصہ تھا۔ یوکرینی حکام نے اب تک اس حملے کی سرکاری تصدیق نہیں کی ہے جبکہ نیٹو اور مغربی ذرائع نے بھی اس بارے میں کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔ روسی فوج کا دعویٰ ہے کہ حملے کے نتیجے میں پلانٹ میں موجود نیٹو کے فوجی ماہرین اور تکنیکی عملہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔