پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ: پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی
اسلام آباد (صداۓ روس)
پنجاب حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت آئندہ تمام سرکاری محکمے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں ہی خرید سکیں گے، تاہم فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی باضابطہ منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دے دی ہے۔ پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی، ایندھن پر انحصار کم کرنا اور جدید و ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دینا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق حکومت پنجاب جلد نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی 2026 کا اعلان بھی کرے گی، جس کے ذریعے صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی۔