اسپین میں تیز رفتار ٹرینوں کا ہولناک تصادم، کم از کم 39 افراد ہلاک

train collision in Spain train collision in Spain

اسپین میں تیز رفتار ٹرینوں کا ہولناک تصادم، کم از کم 39 افراد ہلاک

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
اسپین کے جنوبی حصے میں واقع اندلس کے علاقے میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے آپس میں ٹکرا جانے کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس اور ہنگامی خدمات کے مطابق زخمیوں کی تعداد 73 سے زائد ہے، جن میں 24 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ زخمیوں میں چار کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ اتوار کی شام 7 بج کر 45 منٹ پر صوبہ قرطبہ کے قریب آدموز میونسپلٹی میں پیش آیا۔ ریلوے آپریٹر آدیف کے مطابق ملاگا سے میڈرڈ جانے والی تیز رفتار ٹرین، جس میں تقریباً 300 مسافر سوار تھے، پٹڑی سے اتر گئی اور سامنے سے آنے والی میڈرڈ سے ہویلوا جانے والی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس میں تقریباً 200 مسافر موجود تھے۔ تصادم کے باعث دونوں ٹرینیں پٹڑی سے اتر گئیں۔ اسپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکر پونتے نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے آدھی رات تک تمام زندہ بچ جانے والے مسافروں کو الٹی ہوئی بوگیوں سے نکال لیا، تاہم لاشوں کی تلاش کا عمل جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔ انہوں نے اسے ایک “انتہائی عجیب” واقعہ قرار دیا کیونکہ یہ حادثہ سیدھی اور ہموار پٹڑی پر پیش آیا، جسے گزشتہ مئی میں ہی مرمت کیا گیا تھا، جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین بھی چار سال سے کم پرانی تھی۔

اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ رات پورے ملک کے لیے انتہائی غم کی رات ہے، اور انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ واضح رہے کہ اسپین یورپی یونین میں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے چلنے والی ٹرینوں کا سب سے بڑا نیٹ ورک رکھتا ہے، جس کی مجموعی لمبائی تین ہزار کلومیٹر سے زائد ہے۔ اس سے قبل ملک میں آخری بڑا ریلوے حادثہ 2013 میں پیش آیا تھا، جب سانتیاگو دی کومپوستیلا میں ٹرین حادثے کے نتیجے میں 80 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

Advertisement