پاکستان سمیت 19 ممالک بورڈ آف پیس کا حصہ، ٹرمپ کا حماس کو غیر مسلح کرنے کا اعلان

Board of Peace Board of Peace

پاکستان سمیت 19 ممالک بورڈ آف پیس کا حصہ، ٹرمپ کا حماس کو غیر مسلح کرنے کا اعلان

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں وائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر “بورڈ آف پیس” (Board of Peace) کے قیام کا اعلان کیا۔ یہ بورڈ غزہ کی گورننس، مستقل جنگ بندی اور تعمیر نو کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ تقریب میں 19 ممالک کے رہنماؤں اور نمائندوں نے چارٹر پر دستخط کیے جن میں شامل ہیں، آذربائیجان، ارجنٹائن، آرمینیا، بحرین، بلغاریہ، ہنگری، انڈونیشیا، اردن، قازقستان، قطر، مراکش، منگولیا، متحدہ عرب امارات، پاکستان، پیراگوئے، سعودی عرب، ترکی، ازبکستان اور خود ساختہ کوسوو۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بورڈ کی سربراہی قبول کر لی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ 50 سے زائد ممالک اس بورڈ کا حصہ ہوں گے۔ متعدد رہنماؤں کو دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں جن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی شامل ہیں۔

بورڈ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے تحت غزہ کی گورننس سنبھالے گا۔ امریکی خصوصی نمائندہ سٹیو وٹکوف نے بتایا کہ بورڈ دیگر علاقوں میں بھی کام کر سکتا ہے۔ بلومبرگ کے مطابق ہر ملک کی رکنیت زیادہ سے زیادہ تین سال تک ہوگی۔ ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ کی فیس ادا کرنے پر مستقل رکنیت مل سکتی ہے۔فیصلے اکثریت سے ہوں گے لیکن چیئرمین (ٹرمپ) کی حتمی منظوری ضروری ہوگی۔

Advertisement

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے تصدیق کی کہ صدر پوتن کو دعوت موصول ہوئی ہے اور دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ صدر پوتن نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس فلسطینی عوام کی مدد کے لیے ایک ارب ڈالر مختص کرنے پر غور کر رہا ہے۔ یہ معاملہ امریکی فریق کے ساتھ زیر بحث ہے۔