روس کے سائبیریائی علاقے یاکوتیا میں گھر میں لگنے والی آگ سے پانچ افراد ہلاک
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے سائبیریائی علاقے یاکوتیا کے گاؤں نورباچن میں ایک گھر میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ یہ اطلاع علاقائی ایمرجنسیز منسٹری کے پریس سروس نے دی. ایمرجنسیز منسٹری کے مطابق آگ سے دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مزید افراد زخمی ہو سکتے ہیں۔ آگ نے 91 مربع میٹر کے پورے گھر کو مکمل طور پر متاثر کیا۔ جائے وقوعہ سے پانچ لاشیں برآمد ہوئیں جن کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔
ابتدائی رپورٹس میں ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ آگ بجھانے کے لیے 10 افراد اور دو فائر انجنوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ روس کی انویسٹی گیٹو کمیٹی کے علاقائی ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ہلاکتوں میں ایک ماں، اس کے تین بچے اور ایک رشتہ دار شامل ہیں۔ انویسٹی گیٹرز کے مطابق آگ پر قابو پانے کے بعد تین بچوں (2011، 2014 اور 2023 میں پیدا ہونے والے)، ان کی ماں اور ان کے رشتہ دار (بالترتیب 1971 اور 1977 میں پیدا) کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ چار سالہ بچی اور اس کی ماں (1999 میں پیدا) کو شدید زخموں کی وجہ سے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعے پر لاپرواہی سے قتل کے الزام میں فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔