HSE یونیورسٹی سے پاکستانی سفیر کا خطاب: یوریشیائی رابطہ کاری اور پاک–روس تعلقات پر گفتگو

ماسکو (صدائے روس)

ماسکو — روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو کی معروف یونیورسٹی ہائر اسکول آف اکنامکس (HSE) کے فیکلٹی آف ورلڈ اکانومی اینڈ انٹرنیشنل افیئرز میں ایک خصوصی لیکچر دیا۔

یہ لیکچر “یوریشیائی رابطہ کاری اور ابھرتے ہوئے پاک–روس تعلقات” کے عنوان سے منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات، خطے میں پاکستان کے جغرافیائی و تزویراتی کردار، اور یوریشیائی خطے میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

سفیر فیصل ترمذی نے کہا کہ تعلیمی تبادلے اور یونیورسٹی سطح پر روابط دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی سمجھ بوجھ اور مضبوط تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے مکالمے مستقبل کے سفارتکاروں اور ماہرینِ معیشت کو علاقائی جیوپولیٹکس کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔


اس سیشن میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے ساتھ ساتھ تدریسی عملے نے بھی شرکت کی۔ لیکچر کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں ایچ ایس ای کے طلبہ نے سفیر پاکستان سے ٹرانسپورٹ رابطہ کاری، انسداد دہشت گردی میں تعاون، اور علاقائی سلامتی جیسے اہم موضوعات پر سوالات کیے۔یہ ایکٹویٹی پاک – روس تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیش رفت اور یوریشیائی تعاون کے نئے امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔