یومِ یکجہتی کشمیر: صدر مملکت اور وزیراعظم کا کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
اسلام آباد (صداۓ روس)
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔ صدرِ مملکت نے نہتے کشمیری عوام کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آٹھ دہائیوں سے غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے میڈیا پابندیوں اور سیاسی گرفتاریوں کی مذمت کی۔ صدر نے کہا کہ مساجد کی نگرانی اور مذہبی آزادیوں پر قدغن ہندوتوا نظریے کے تحت امتیازی پالیسیوں کا حصہ ہے اور خطے میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جا سکے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ حل طلب مسائل میں شامل ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیر کو متنازع خطہ تسلیم کرتی ہیں اور آزاد رائے شماری کی ضمانت دیتی ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق بھارت گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سیاسی جبر کی مذمت کی۔
وزیراعظم نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آبادی اور حیثیت تبدیل کرنے کی کوششیں کشمیری عوام کے حقوق کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کشمیری عوام جلد آزادی حاصل کر کے خوف سے پاک مستقبل کی جانب بڑھیں گے اور پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد میں اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔