پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

Kashmir Kashmir

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد بھارتی مظالم کے شکار مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ان کے حقِ خود ارادیت کے عزم کی تجدید ہے۔ ہر سال 5 فروری کو یہ دن منایا جاتا ہے تاکہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروائی جا سکے۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک پورا پاکستان یک زبان ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں ریلیوں، سیمینارز، احتجاجی مظاہروں اور خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

Advertisement

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کے کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی جائے گی، جو اس عزم کی علامت ہو گی کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ مختلف تقریبات میں مقررین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، جبری گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

حکام کے مطابق یومِ یکجہتی کشمیر نہ صرف کشمیری عوام کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے اظہار کا دن ہے بلکہ یہ اس عہد کی تجدید بھی ہے کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے جائز حقِ خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔