مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، صدر پوتن

Putin Putin

مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، صدر پوتن

ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر صدر پوتن نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو الگ الگ تعزیتی خطوط ارسال کیے ہیں۔ روسی صدر نے حملے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر پوتن نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک مذہبی تقریب کے دوران بے گناہ افراد کا قتل دہشت گردی کی وحشیانہ اور غیر انسانی فطرت کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اس سانحے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ روسی صدر نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ قریبی اور مؤثر تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

صدر پوتن نے اپنے خطوط میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اور عزیزوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحت یابی کی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ یہ تعزیتی پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے کو دہشت گردی کے مسلسل خطرات کا سامنا ہے اور عالمی سطح پر اس ناسور کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

Advertisement