امریکی کیپیٹل کی جانب دوڑنے والا 18 سالہ نوجوان گرفتار

US Police US Police

امریکی کیپیٹل کی جانب دوڑنے والا 18 سالہ نوجوان گرفتار

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی کیپیٹل کے قریب منگل کو ایک 18 سالہ نوجوان کو بھری ہوئی شاٹ گن کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی کیپیٹل پولیس کے مطابق واقعہ دوپہر کے فوراً بعد پیش آیا جب مسلح نوجوان مغربی حصے (ویسٹ فرنٹ) کی سمت دوڑتا ہوا دیکھا گیا۔ حکام نے ملزم کی شناخت کارٹر کماچو، عمر 18 سال، رہائشی ریاست جارجیا کے طور پر کی ہے۔ پولیس چیف مائیکل سلیوان نے بتایا کہ اہلکاروں نے نوجوان کو ہتھیار پھینکنے کا حکم دیا جس پر اس نے فوری طور پر تعمیل کی۔ بعد ازاں اسے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان نے ٹیکٹیکل ویسٹ پہن رکھی تھی اور اس کے پاس متعدد گولیاں موجود تھیں۔ تلاشی کے دوران قریب کھڑی ایک سفید مرسڈیز ایس یو وی سے کیولر ہیلمٹ اور گیس ماسک بھی برآمد ہوا، جو میری لینڈ ایونیو، ساؤتھ ویسٹ کے 100 بلاک میں پارک تھی۔

چیف سلیوان کے مطابق ایک شخص گاڑی سے شاٹ گن لے کر نکلا اور کیپیٹل کی جانب دوڑنے لگا، جسے پولیس افسران نے چیلنج کیا اور ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا۔ واقعے کے وقت موجود بعض زائرین نے پولیس کی جانب سے صورتحال کو پُرامن انداز میں قابو کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ ملزم کے محرکات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکے۔ حکام کے مطابق کارٹر کماچو کو غیر قانونی سرگرمیوں، بغیر لائسنس رائفل رکھنے اور غیر رجسٹرڈ اسلحہ و گولہ بارود رکھنے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

Advertisement