جنوبی افریقہ کی بھارت کے خلاف بڑی فتح، 76 رنز سے شکست
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم ترین میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو احمد آباد کے نارینڈرا مودی اسٹیڈیم میں 76 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ نے 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں بھارت سے ہونے والی شکست کا حساب بھی چکا لیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 187 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ڈیوالڈ بریوس نے 45 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں کپتان ایڈن مارکرم 4، کوئنٹن ڈی کوک 6، رائن ریکلٹن 7، مارکو یانسن 2 اور کوربن بوش 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبس 44 اور کاگیسو ربادا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3، ارشدیپ سنگھ نے 2 جبکہ ورون چکرورتی اور شیوم دوبے نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم جنوبی افریقی بولرز کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی اور 19ویں اوور میں 111 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ شیوم دوبے 42 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ہاردک پانڈیا 18 رنز بنا سکے۔ باقی بیٹرز دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکے۔
جنوبی افریقہ کی بولنگ میں مارکو یانسن نے 4، کیشو مہاراج نے 3 اور کوربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس شکست کے ساتھ بھارت کی ٹی20 ورلڈ کپ میں مسلسل 12 فتوحات کا سلسلہ ٹوٹ گیا ہے۔ بھارت کا اگلا میچ 26 فروری کو زمبابوے کے خلاف ہے جبکہ جنوبی افریقہ اسی روز ویسٹ انڈیز سے مدمقابل ہوگا۔