ماسکو (اشتیاق ہمدانی) – پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کے تناظر میں ماسکو-اسلام آباد میڈیا فورم 27 فروری 2026 کو ماسکو میں منعقد ہوگا۔ فورم کا آغاز صبح 11 بجے (ماسکو وقت) جبکہ دوپہر ایک بجے (اسلام آباد وقت) ہوگا۔ یہ اہم پروگرام وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے مارچ 2026 کے پہلے ہفتے میں متوقع سرکاری دورۂ ماسکو کے موقع پر ترتیب دیا گیا ہے۔
فورم کا مقصد دونوں ممالک کے صحافیوں، ماہرین، سفارت کاروں اور پالیسی سازوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ پاک-روس تعلقات، عالمی سیاست میں بدلتے رجحانات، معاشی تعاون اور میڈیا کے کردار پر جامع گفتگو کی جا سکے۔ اس موقع پر مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔
پہلا اجلاس صبح 11:00 سے 12:30 (ماسکو وقت) تک جاری رہے گا، جس کا عنوان ہے: “بدلتی دنیا میں عالمی مسائل اور نقطہ نظر: ماسکو اور اسلام آباد کا جائزہ”۔ اجلاس کی نظامت ماسکو سے پیٹر لیڈوف، مشیر، روسیا سیگودنیا میڈیا گروپ کریں گے، جبکہ اسلام آباد سے نامور صحافی اور چیف ایڈیٹر ڈی این ڈی نیوز ایجنسی آغا اقرار ہارون نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔
ماسکو سے مقررین میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا اور یونیورسٹی آف ورلڈ سویلائزیشن کی ماہر تجزیہ کار ڈاکٹر روکسولانا زیگون شامل ہیں، جبکہ اسلام آباد سے سینیٹر مشاہد حسین سید خطاب کریں گے اور پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کریں گے۔
دوسرا اجلاس دوپہر 12:40 سے 2:00 بجے (ماسکو وقت) تک ہوگا، جس کا موضوع ہے: “روس اور پاکستان کے تعلقات میں ترقی کے امکانات”۔ اس نشست کی نظامت ماسکو سے پیٹر لیڈوف-پیٹروسکی کریں گے جبکہ اسلام آباد سے سینئر صحافی الماس حیدر نقوی، وابستہ دنیا نیوز، امور کو آگے بڑھائیں گے۔
اس اجلاس میں ماسکو سے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، روسی اکیڈمی آف سائنسز سے وابستہ ڈاکٹر ارینا سیرینکو، اور اخبار کومرسانت کے تجزیہ کار سرگئی ستروکان شریک ہوں گے۔ اسلام آباد سے ڈاکٹر ثروت رؤف، سربراہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML)، افتخار شیرازی بیورو چیف ڈان اخبار، اور شوکت پراچہ سینئر صحافی آج نیوز اظہار خیال کریں گے۔
تیسرا اور آخری اجلاس دوپہر 2:10 سے 3:30 (ماسکو وقت) تک جاری رہے گا، جس کا موضوع ہے: “بین الاقوامی صحافت میں نئے رجحانات”۔ نظامت پیٹر لیڈوف-پیٹروسکی کریں گے جبکہ اسلام آباد سے تنظیمہ مظہر، میزبان GTV، شریک نظامت ہوں گی۔
اس سیشن میں ماسکو سے دمتری سائمس، سربراہ اسپوتنک انٹرنیشنل، دمتری لیونتیف، پروڈیوسر RT، اور آرٹیم چیباروف خطاب کریں گے، جبکہ اسلام آباد سے متین حیدر، ڈاکٹر ماریہ سلطان مشیر وزارت دفاع، انس ملک بیورو چیف ایشیا ون، اور عامر الیاس رانا بیورو چیف ایکسپریس نیوز شرکت کریں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فورم ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب عالمی سیاست تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور خطے میں نئی صف بندیاں سامنے آ رہی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورۂ روس کے پیش نظر اس فورم کو دونوں ممالک کے میڈیا اور پالیسی حلقوں کے درمیان مکالمے کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فورم کے ذریعے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی بلکہ میڈیا کے کردار، بیانیے کی تشکیل اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر بھی بات چیت ممکن ہوگی۔