طالبان ترجمان نے کابل، پکتیا اور قندھار پر بمباری کی تصدیق کردی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
طالبان حکومت کے ترجمان نے کابل، پکتیا اور قندھار میں پاکستانی فضائی حملوں کی تصدیق کر دی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق رات تقریباً ایک بج کر 50 منٹ پر کابل میں طالبان کے ایک اہم فوجی مرکز کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح صوبہ پکتیا میں طالبان منصوری کور کو دو مرتبہ بمباری کا نشانہ بنایا گیا جبکہ رات 12 بجے کے بعد قندھار میں پاکستانی طیارہ پرواز کرتا ہوا دیکھا گیا۔ اس سے قبل سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاک فضائیہ نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کابل، قندھار اور پکتیا میں اہم ملٹری تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابل میں طالبان کے دو بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو مکمل طور پر نشانہ بنایا گیا۔ قندھار میں ایک کور ہیڈکوارٹر، ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر، ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس تباہ کر دیے گئے جبکہ پکتیا میں بھی ایک کور ہیڈکوارٹر کو برباد کیا گیا۔
یہ کارروائیاں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ اور حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز چن چن کر اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں اور آپریشن غضب للحق کے تحت موثر جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔