ماسکو-اسلام آباد فورم: پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا اہم خطاب

Faisal Niaz Tirmizi Faisal Niaz Tirmizi

ماسکو-اسلام آباد فورم: پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا اہم خطاب

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو-اسلام آباد فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مثبت پیش رفت کی جانب گامزن ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند ہیں۔ سفیر نے قدرتی آفات کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے ادارہ جاتی روابط کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ روس نے 2005 کے تباہ کن زلزلے اور 2022 کے شدید سیلاب کے بعد پاکستان کو بروقت انسانی امداد فراہم کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کے درمیان باقاعدہ اور منظم تعاون کو فروغ ملا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نومبر 2025 میں روسی ایمرجنسی سروسز کے وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان مشترکہ مشقوں اور باہمی تعاون کے معاہدوں پر پیش رفت ہوئی۔ حال ہی میں روسی وزارت خارجہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سمیت متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ فریقین نے قدرتی آفات کی پیش گوئی، تدارک اور بعد ازاں بحالی کے عمل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ سفیر نے کہا کہ روس جنوبی ایشیا، خصوصاً پاکستان، کو وسیع تر یوریشیائی خطے کا اہم حصہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوریشیا میں ابھرتے ہوئے کثیر القطبی عالمی نظام کے تناظر میں علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے یوریشیائی خطے میں جامع سکیورٹی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے لیے علاقائی سطح پر مکالمہ اور تعاون مؤثر راستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
خطاب کے اختتام پر سفیر نے کہا کہ موجودہ دور دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے نہایت سازگار ہے اور پاکستان کا سفارت خانہ دوطرفہ روابط کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے پاکستان اور روس کی دوستی کے استحکام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔