خواجہ آصف: پیشگی منصوبہ بندی نہ ہوتی تو پیٹرول 375 روپے فی لیٹر ہوتا
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے پیشگی منصوبہ بندی نہ کی ہوتی تو ملک میں آج پیٹرول کی قیمت 375 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہوتی۔ انہوں نے یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہی۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی کشیدہ صورتحال نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث چند دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں۔ ایسے بحران میں حکومت کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں محدود اضافہ کرنا بہت محنت طلب کام تھا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے پیشگی منصوبہ بندی، بین الاقوامی روابط اور انتظامات کی طویل داستان موجود ہے، اور اگر یہ سب اقدامات نہ کیے جاتے تو آج عوام کو پیٹرول 375 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوتا۔