نیوزی لینڈ کو فائنل میں شکست، بھارت تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ چیمپئن بن گیا

Axar Patel Axar Patel

نیوزی لینڈ کو فائنل میں شکست، بھارت تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ چیمپئن بن گیا

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ احمدآباد میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ اسکور کیا جس کے تعاقب میں کیوی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی۔ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔ بھارتی ٹاپ آرڈر بلے بازوں کے ساتھ ساتھ لوئر آرڈر نے بھی آخری اوورز میں تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو مزید مستحکم کیا۔ بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ابھیشیک شرما نے 21 گیندوں پر 52 رنز بنائے جبکہ ایشان کشن نے 25 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے۔ لوئر آرڈر میں ہاردک پانڈیا نے 13 گیندوں پر 18 اور شیوم دوبے نے صرف 8 گیندوں پر 28 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہینری اور راچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

255 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 159 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ نے 52 اور مچل سینٹنر نے 47 رنز اسکور کیے جبکہ ڈیرل مچل 17 رنز بنا سکے۔ دیگر کیوی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اکشر پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردک پانڈیا، ورون چکرورتھی اور ابھیشیک شرما نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فائنل میچ جیو سوپر پر براہ راست نشر کیا گیا۔