اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی بہتری کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ عیدالفطر کے موقع پر لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارک باد دی اور باہمی رنجشیں ختم کرنے کا پیغام دیا۔ شہریوں نے عید کے دن کو خوشیوں اور محبت کے ساتھ مناتے ہوئے اپنے عزیز و اقارب اور دوست احباب سے ملاقاتیں کیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دی ہے۔ اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عیدالفطر کا دن خوشیوں کے ساتھ ساتھ اس عزم کی تجدید کا بھی موقع ہے کہ قوم قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کو مضبوط بنائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کی خوشیوں کے باوجود پاکستانی قوم کے دل غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں جاری مشکلات اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ امت مسلمہ کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کی مزید ضرورت ہے۔