ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے وسطی علاقے کی فضاؤں میں اسرائیل کے زیرِ استعمال ایک جنگی طیارہ مار گرایا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 45 منٹ پر ایک ایف 16 فائٹنگ فیلکن طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جنگی طیارے کو پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایران کے وسطی علاقے کی فضاؤں میں انجام دی گئی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جاری جنگ کے ابتدائی تین ہفتوں کے دوران 200 سے زائد فضائی اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ ان اہداف میں ڈرونز، کروز میزائل، ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور جدید جنگی جہاز شامل ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ایران کی مسلح افواج کی فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملک کا دفاعی نظام اب نہ صرف اپنی فضائی حدود کے تحفظ بلکہ خطے میں کسی بھی جارحیت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔