ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت داخلہ نے فونز میں وی پی این اور میسیجنگ ایپس چیک کرنے کی رپورٹس کو جھوٹی قرار دے دی ہے۔ وزارت داخلہ کے غیر قانونی استعمالِ معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجیز سے نمٹنے والے محکمے (UBK) نے 2 اپریل کو ٹیلیگرام چینل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے موبائل فونز میں وی پی این اور میسیجنگ ایپس چیک کرنے کی خبریں جھوٹی ہیں اور انہیں سماجی تناؤ بڑھانے کے مقصد سے پھیلایا جا رہا ہے۔”
محکمے نے واضح کیا کہ ایسی کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی اور نہ ہی فونز میں وی پی این یا دیگر ایپس چیک کیے جا رہے ہیں۔ وی پی این سروسز کا استعمال خود بخود روسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے۔
تاہم قانون میں ان انٹرنیٹ وسائل تک رسائی محدود کرنے کی اجازت ہے جو بلاکنگ سے بچنے کے طریقے اور سروسز کی تشہیر کرتے ہیں۔ سائبر پولیس نے بتایا کہ وی پی این استعمال کرنے سے ڈیٹا لیک ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، لیکن اس پر قانونی کارروائی نہیں ہوتی۔
اس سے قبل 30 مارچ کو ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ کے وزیر مکسوت شادیایف نے “We Are IT” ایسوسی ایشن کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ وزارت ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ وی پی این کے استعمال کو کم کرنے کا منصوبہ نافذ کر رہی ہے، لیکن وہ ورچوئل نیٹ ورکس کے استعمال پر انتظامی ذمہ داری لگانے کے خیال کی “قطعاً مخالفت” کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بلاک کیے گئے غیر ملکی پلیٹ فارمز کے ساتھ طویل عرصے تک بات چیت کی کوشش کی، لیکن “کوئی نتیجہ نہیں نکلا”۔