لاہور (صداۓ روس)
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے سرکاری منظوری کے بغیر ہی نئے کرایے نافذ کرنا شروع کر دیے ہیں۔ مختلف روٹس پر مسافروں سے ایک ہزار سے ڈھائی ہزار روپے تک اضافی کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔ بین الاضلاعی سفر کے کرایوں میں سب سے زیادہ اضافہ سامنے آیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ 8600 روپے سے بڑھا کر 12,000 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کا کرایہ 3000 سے بڑھ کر 4000 روپے، پشاور کا 3500 سے بڑھ کر 4600 روپے جبکہ سرگودھا کا کرایہ 1550 سے بڑھا کر 2550 روپے کر دیا گیا ہے۔ فیصل آباد کا کرایہ 1350 سے بڑھ کر 2350 روپے، رحیم یار خان کا 4250 سے بڑھ کر 5300 روپے، مری کا 3300 سے بڑھ کر 4500 روپے اور ملتان کا کرایہ 2800 سے بڑھ کر 3700 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب حکام نے واضح کیا ہے کہ کرایوں میں ابھی تک کوئی سرکاری اضافہ نہیں کیا گیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور جلد ہی نئی کرایہ فہرست جاری کی جائے گی جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تناسب سے کرایے مقرر کیے جائیں گے۔ مسافروں نے خود ساختہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔