اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ آج رات 12 بجے سے پیٹرول کی نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے میں اکانومی کلاس کے مسافروں کے کرائے نہیں بڑھائے جائیں گے جبکہ چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ امداد دی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل سے حصہ ڈالا۔ شہباز شریف نے کہا کہ خلیج میں جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جس کا براہ راست اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کا چولہا مدھم ہو رہا ہے، کسانوں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے اور عام آدمی کے لیے نئے چیلنجز سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پچھلے تین ہفتوں میں انہوں نے عوام پر اس اضافے کا بوجھ نہیں ڈالا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان میں عام آدمی کس طرح زندگی گزارتا ہے۔ حکومت نے 29 ارب روپے خرچ کر کے طوفان کو عوام تک پہنچنے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے پہلے بھرپور مشاورت کی گئی۔ صدر مملکت نے قومی قیادت کو ایوان صدر میں بلایا اور اگلے روز وزیراعظم ہاؤس میں مکمل مشاورت ہوئی۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ جنگ جلد ختم ہو جائے اور کہا کہ نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل نے اس سلسلے میں دن رات کوششیں کی ہیں۔