ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ ایک نہایت معزز شخصیت ہیں اور انہیں ہر جگہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر سے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کی درخواست کی۔ صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ابھی تک مکمل طور پر بریف نہیں کیا گیا، تاہم وہ شہباز شریف کو اچھی طرح جانتے ہیں اور ان کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں مسلسل، مضبوط اور مؤثر انداز میں جاری ہیں، اور توقع ہے کہ جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ سفارت کاری کو مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دینے کے لیے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع ضروری ہے۔ وزیراعظم نے امریکی صدر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں لچک کا مظاہرہ کریں تاکہ خطے میں امن کے قیام کی راہ ہموار ہو سکے۔