ڈرونز کے خلاف کلاشنکوف نے ملٹی بلیٹ کارتوس کا کامیاب تجربہ کرلیا

Kalashnikov Kalashnikov

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

کلاشنکوف گروپ نے ڈرونز کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے 5.45 ملی میٹر ملٹی بلیٹ کارتوس کامیابی سے آزما لیے ہیں، جنہیں میدانِ جنگ میں استعمال کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ جدید کارتوس AK-12 رائفل کے ذریعے آزمائے گئے، جہاں انہیں تیز رفتار اور انتہائی چالاک FPV ڈرون کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ تجربات کے دوران کارتوس کے متعدد اجزاء ڈرون سے ٹکرا کر اس کے انجن، بیٹری، الیکٹرانک سرکٹس اور ساخت کو نقصان پہنچاتے ہوئے اسے تباہ کرنے میں کامیاب رہے۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ کارتوس خاص ڈیزائن کے حامل ہیں، جن میں فائر ہونے کے بعد گولی کئی حصوں میں تقسیم ہو جاتی ہے، جس سے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے باوجود ہتھیار کی درستگی اور کارکردگی برقرار رہتی ہے۔

مزید یہ کہ یہ کارتوس معیاری 5.45×39 ملی میٹر ایمونیشن کے مطابق ہیں، جس کی وجہ سے انہیں AK-12 کے عام 30 راؤنڈ میگزین میں بغیر کسی تبدیلی کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فوجی ان کارتوس کو عام گولیوں کے ساتھ ملا کر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ روس کی اس پیش رفت کو یوکرین میں جاری جنگ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں FPV ڈرونز کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ان کے خلاف مؤثر دفاعی حل کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس وقت ان کارتوس کی ڈیزائننگ کو مزید بہتر بنانے اور بڑے پیمانے پر پیداوار کی تیاری پر کام جاری ہے۔