ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
گوگل نے تصدیق کی ہے کہ عالمی سطح پر RAM کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے باعث آئندہ آنے والی Pixel 11 سیریز کی قیمت Pixel 10 کے مقابلے میں 100 ڈالر تک زیادہ ہوگی۔ کمپنی کے مطابق وہ طویل عرصے سے پرزہ جات اور سپلائی چین کی بڑھتی لاگت خود برداشت کرتی رہی، تاہم اب ان اخراجات کو صارفین تک منتقل کیے بغیر چارہ نہیں رہا۔
گوگل کے نائب صدر برائے ڈیوائسز اینڈ سروسز شکیل برکت کا کہنا ہے کہ 2025 میں ایک جی بی RAM کی قیمت تقریباً 2.80 ڈالر تھی، جو 2026 میں بڑھ کر 12 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح 16 جی بی RAM والے ایک فلیگ شپ اسمارٹ فون میں صرف RAM کی لاگت تقریباً 45 ڈالر سے بڑھ کر 192 ڈالر فی ڈیوائس ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق RAM کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ میموری بنانے والی کمپنیوں کا اپنی پیداواری صلاحیت کا بڑا حصہ مصنوعی ذہانت (AI) سرورز میں استعمال ہونے والی ہائی بینڈ وڈتھ میموری (HBM) کی تیاری پر منتقل کرنا ہے۔
امکان ہے کہ گوگل 12 اگست کو ہونے والے Made by Google ایونٹ میں Pixel 11 سیریز کی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔ امکان ہے کہ Pixel 11 کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر ہوگی، جبکہ 128 جی بی اسٹوریج کا آپشن ختم کرکے 256 جی بی کو بنیادی ماڈل بنایا جا سکتا ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ Pixel 11 Pro اور Pixel 11 Pro XL کی قیمتوں میں بھی 100 ڈالر تک اضافہ متوقع ہے۔