زیلنسکی کا طیارہ ڈرون حملے سے بال بال بچ گیا، مغربی میڈیا کا دعویٰ

Plane Plane

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

مغربی میڈیا کے مطابق روس کے ایک ڈرون کے مالدووا کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی وجہ سے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ناروے لے جانے والے طیارے کی روانگی میں منگل کو تاخیر ہوگئی۔ مشرقی یورپی ملک مالدووا نے جیٹ سے چلنے والے ڈرون کی فضائی حدود میں دراندازی کا پتہ لگانے کے بعد اپنی فضائی حدود بند کر دی۔ زیلنسکی کا طیارہ مالدووا کے دارالحکومت کی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر انتظار کر رہا تھا اور ڈرون کے گرنے کی تصدیق کے بعد اسے اڑان کی اجازت دی گئی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ڈرون ہوائی اڈے سے تقریباً 160 کلومیٹر دور جا کر پھٹا۔ مالدووا کے سفیر نے سی این این کو بتایا کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر حادثاتی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین نہیں کرتے کہ جیٹ سے چلنے والے ڈرون صرف نگرانی کے لیے مالدووا کی سرزمین میں داخل ہوئے جبکہ یوکرینی صدر کا طیارہ ہوائی اڈے پر موجود تھا۔ یہ طیارہ ناروے جا رہا تھا جہاں زیلنسکی شاہ ہیرالڈ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔