اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

Language

پاکستانی تاریخ کا بڑا دن

Pakistan missile

شاہ نواز سیال

 

 

 

 

 

 

قارئین آج ہم آپ کے سامنے پاکستانی تاریخ کے ایک بڑے اور اہم دن کے حوالے سے بات کرنا چارہے ہیں جس دن پاکستان نے خطے کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے مضبوط دفاع کا عملی مظاہرہ پیش کیا -28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے28 مئی 1998 میں کامیاب ایٹمی تجربات کر کے دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور ثبوت دیا تھا اس دن کو ہرسال پاکستان اور دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی یوم تکبیر کے طور پر مناتے ہیں یہ دن نہ صرف پاکستان کی دفاعی خودمختاری کی علامت ہے بلکہ مسلم دنیا میں فخر اور توقیر کا باعث بھی ہے۔
پاکستان نے 28 مئی 1998 کو چاغی کے مقام پر کامیاب ایٹمی دھماکےکرکے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے یہ اقدام بھارت کی جانب سے مئی 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کیا گیا تھا جس سے خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد ملی۔
پاکستان کے ایٹمی تجربات نے نہ صرف اسے ایٹمی طاقتوں کی صف میں شامل کیا بلکہ اس نے اپنی دفاعی خودمختاری کو بھی یقینی بنایا یہ تجربات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان نے اپنی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط کر کے اپنی سالمیت اور امن قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
مسلم دنیا میں پاکستان کو ایک مضبوط دفاعی طاقت کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو اپنے ایمان اور جذبے کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بناتا ہے۔
پاکستان کی ایٹمی طاقت نے بھارت کے لیے ایک واضح پیغام دیا ہے کہ کوئی بھی جارحیت یا اشتعال انگیزی کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں خطے میں پاکستان کی یہ دفاعی صلاحیت بھارت سمیت کسی بھی دشمن کے لیے خوف کی علامت ہے یہی وجہ ہے کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
ہر سال 28 مئی کو یوم تکبیر منانے کا مقصد نہ صرف اس کامیابی کا جشن منانا ہے بلکہ قوم کو یاد دلانا بھی ہے کہ دفاعی خودمختاری کے لیے ہم سب کو متحد رہنا ہوگا یہ دن ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ سلامتی اور امن کی حفاظت کے لیے مضبوط دفاعی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
آج بھی یہ دن ہمارے قومی جذبے اور دفاعی عزم کی تجدید کا باعث ہے خاص طور پر حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران میں پاکستان نے نہ صرف بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا بلکہ بھارت کی سیکنڑوں ائیر بیسز ، چیک پوسٹیں ،ایس فور ہنڈریڈ ائیر ڈیفنس سسٹم ،براہموس میزائل سٹوریج ،تین رافیل سمیت سات جنگی طیارے اور بارودی ڈپو تباہ کرکے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی مضبوط دفاعی پوزیشن کو منوایا ہے۔
حالیہ عرصے میں پاک بھارت تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے چیلنجز پیدا کیے ہیں بھارتی میڈیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آج بھی گیڈر بھگتیوں کے ذریعے جنگی ماحول بنانے کی پوری کوشش کررہے ہیں اس کشیدگی کے دوران پاکستان نے نہ صرف اپنی دفاعی پوزیشن کو مضبوط کیا بلکہ عالمی برادری کو یہ پیغام بھی دیا کہ وہ اپنے سرحدی حدود اور قومی سلامتی کا بھرپور دفاع کرنے کے لیے مکمل تیار ہےپاکستان کی افواج نے اپنی مہارت، تربیت اور جدید ہتھیاروں کے ذریعے دشمن کے کسی بھی اشتعال کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ قومی سلامتی کے دفاع میں مثالی کردار ادا کیا ہے ان کا جذبہ، قربانیاں اور عزم نہ صرف ملک کے دفاع کا ستون ہیں بلکہ عوام کے دلوں میں اعتماد اور تحفظ کا سبب بھی ہیں حالیہ کشیدگی میں فوج کی بروقت حکمت عملی، موثر کارروائیاں اور عوام کے ساتھ یک جہتی نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے یہ افواج پاکستان کی مضبوطی اور پیشرفت کی عکاس ہیں جو ملک کو دفاعی طور پر ناقابل تسخیر بناتی ہیں۔
یوم تکبیر کے موقع پر پاکستان یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ وہ نہ صرف بھارت جیسے مکار ملک کے خلاف بلکہ دہشت گردوں اور وطن مخالف قوتوں کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائیاں کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بھارت کو جان لینا چاہیے کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی طرح کی کمزوری برداشت نہیں کرے گا اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے یہ پیغام نہ صرف دشمنوں کے لیے وارننگ ہے بلکہ قوم کے حوصلے اور دفاعی عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
ہر سال یوم تکبیر پر قوم اپنے دفاعی عزم کو تازہ کرتی ہے یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عزت کی حفاظت کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا وطن کی حفاظت صرف افواج کی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اپنے ملک کے دفاع میں ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار رہے۔
پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اور مضبوط دفاعی پوزیشن نے نہ صرف بھارت کے جارحانہ عزائم کو روکنے میں مدد دی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک خودمختار، طاقتور اور قابل احترام ملک کے طور پر پیش کیا ہے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں افواج پاکستان نے اپنے غیر معمولی کردار سے یہ ثابت کیا کہ پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے یوم تکبیر ہمیں یہی پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہماری قربانیاں جاری رہیں گی اور دشمن کبھی بھی ہماری طاقت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

Share it :