اداکارہ ماہرہ خان کی شادی سوشل میڈیا پر زیر بحث
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان فلم انڈسٹری کی سُپر سٹار ماہرہ خان کاروباری شخصیت اور اپنے پرانے دوست سلیم کریم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان سفید عروسی لباس پہنے اپنے دولہے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ سلیم کریم سیاہ رنگ کی شیروانی زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
ماہرہ اور سلیم کی شادی کی ویڈیو اور تصاویر شئیر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ شادی کی اس ویڈیو کی خاص بات نہ صرف ماہرہ خان کا انداز اور خوبصورت لباس بنا بلکہ ماہرہ کی پہلی جھلک دیکھتے ہی ان کے دولہے کی آنکھیں بھر آنے کا بھی کافی ذکر کیا جا رہا ہے۔ اداکارہ کی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں رشتے دار اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ اداکارہ ماہرہ خان بول، منٹو، بِن روئے، قائداعظم زندہ باد، ایکٹر اِن لا، ورنہ، سات دن محبت اِن، پرے ہَٹ لو، رئیس، جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں جبکہ حال ہی میں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا۔
ڈرامہ ’ہمسفر‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ماہرہ خان کی شادی کی خبریں کچھ عرصہ قبل سے ہی گردش کر رہی تھیں۔
واضح رہے گزشتہ سال ماہرہ خان نے ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سلیم کریم سے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔
خیال رہے کہ یہ ماہرہ خان کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی اور 2009 میں ان کے گھر ان کے بیٹے اذلان کی پیدائش ہوئی تھی۔ ماہرہ خان کی یہ شادی نہ چل سکی اور 2015 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔