ایروفلوت اور روستیک کے درمیان 90 ایم سی-21 طیاروں کی فراہمی کا معاہدہ

MC-21 MC-21

ماسکو (صداۓ روس)

کریملن کے پریس سروس کے مطابق ایروفلوت اور روستیک نے مقامی طور پر تیار کردہ 90 ایم سی-21 طیاروں کی دوسری کھیپ کی فراہمی کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت ایئر کیریئر کو 2029 سے 2032 کے دوران یہ طیارے موصول ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق ایروفلوت نے یہ معاہدہ روستیک اسٹیٹ کارپوریشن سے تعلق رکھنے والی تین کمپنیوں کے ساتھ کیا: یونائیٹڈ ایئرکرافٹ کارپوریشن (یو اے سی)، لیزنگ کمپنی ایویا کیپیٹل-سروس، اور یونائیٹڈ انجن کارپوریشن (یو ای سی)۔ معاہدے کی شرائط کے مطابق ایئرلائن کو 2029 سے 2032 کے دوران 90 درمیانے فاصلے کے ایم سی-21 طیارے فراہم کیے جائیں گے۔

اس دستخط کی تقریب میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے علاوہ صنعت و تجارت کے وزیر انتون الیخانوف اور ٹرانسپورٹ کے وزیر آندرے نیکیتن نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ یہ معاہدہ روسی سول ایوی ایشن کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ بن گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2023 میں دستخط کیے گئے 18 طیاروں کی پہلی کھیپ کے معاہدے کے تحت پہلے طیارے کی ترسیل 2027 میں متوقع ہے۔