اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

افغانستان نے ملکی ساختہ پہلی بس تیار کرلی

Afghan Bus

افغانستان نے ملکی ساختہ پہلی بس تیار کرلی

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
افغانستان میں طالبان حکومت نے مقامی طور پر تیار کردہ بس اور کار نمائش کے لیے پیش کردی ہیں، جو افغان صنعتی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ گزشتہ روز کابل میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر اور نائب وزیر اعظم برائے انتظامی امور مولوی عبدالسلام حنفی نے صنعتی فیکٹریوں کے ایک وسیع کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس کمپلیکس کو نیشنل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے زیر انتظام قائم کیا گیا ہے، جو اس وقت 105 اقسام کی مختلف مصنوعات تیار کر رہا ہے۔ ان مصنوعات میں زرعی مشینری، صنعتی آلات، چھوٹے کارخانوں کے پرزہ جات، ٹرانسپورٹ گاڑیاں اور دیگر اہم اشیاء شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب کے دوران نیشنل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کمپلیکس میں تیار کردہ کئی مصنوعات کی نمائش کی گئی، جن میں خاص طور پر مقامی طور پر تیار کی گئی بس اور کار نے توجہ حاصل کی۔ افغان حکومت کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ افغانستان میں مکمل طور پر مقامی وسائل اور مہارت سے ایک بس تیار کی گئی ہے۔ اس بس میں افغان کابینہ کے ارکان نے علامتی طور پر سفر بھی کیا تاکہ اس منصوبے پر اعتماد کا اظہار کیا جا سکے۔ افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر بس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کچھ دن قبل میں نے اعلان کیا کہ افغانستان نے اپنی پہلی قومی بس بنائی ہے جس پر بہت سے لوگوں نے تبصرے کیے، کچھ نے کہا کہ تصویر کسی اور کمپنی کی ہے، کچھ نے اسے پروپیگنڈا قرار دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر افغان ماہرین، انجنئیرز اور مزدوروں کی محنت کا نتیجہ ہے، اور اسے افغان خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ پیش رفت طالبان حکومت کی اس پالیسی کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت وہ مقامی صنعتوں کو فروغ دے کر بیرونی درآمدات پر انحصار کم کرنے اور مقامی روزگار کے مواقع بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

Share it :