خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

فضائی عملے کے مطالبات مان لیے گئے، ایئر کینیڈا کی ہڑتال ختم

Air Canada

فضائی عملے کے مطالبات مان لیے گئے، ایئر کینیڈا کی ہڑتال ختم

ماسکو(صداۓ روس)
ایئر کینیڈا اور فضائی عملے کی نمائندہ یونین کے درمیان ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد کئی روز سے جاری ہڑتال ختم ہو گئی۔ اس ہڑتال کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں اور ایک لاکھ سے زائد مسافر متاثر ہوئے تھے۔ کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز کے ترجمان ہیو پولیوٹ نے منگل کو اپنے بیان میں کہا کہ فضائی عملے نے ایک تاریخی جدوجہد کے بعد اپنے حقوق منوائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ فضائی صنعت میں بنیادی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر معاوضے کے کام کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے اور ہم نے اپنی آواز اور طاقت واپس لے لی ہے۔ معاہدے کو مستقل حیثیت دینے کے لیے اب یونین کے ارکان کی رائے شماری ہوگی۔ اگر رکنیت اس معاہدے کو مسترد کرتی ہے تو ہڑتال دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔

ایئر کینیڈا کا کہنا ہے کہ پروازیں فوری طور پر مکمل طور پر بحال نہیں ہوں گی اور ایک ہفتے تک شیڈول کو معمول پر لانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ ادارے نے کہا کہ پروازوں کی معطلی ہمارے مسافروں کے لیے نہایت مشکل صورتحال تھی جس پر ہم معذرت خواہ ہیں اور ہماری اولین ترجیح یہی ہے کہ مسافروں کو جلد از جلد منزل مقصود تک پہنچایا جائے۔ واضح رہے کہ یہ ہڑتال اس وقت شروع ہوئی تھی جب کینیڈین وزیر محنت کی ہدایت کے باوجود فضائی عملے نے اپنی ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کیا۔ ہڑتال میں تقریباً دس ہزار فضائی عملہ شریک تھا جنہوں نے اجرت میں اضافہ اور زمین پر موجودگی کے دوران بھی معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔

شئیر کریں: ۔