ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) — ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز AI171 آج صبح احمد آباد میں ٹیک آف کے چند منٹ بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارے میں 230 مسافر اور 12 عملہ سوار تھا، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق بھارت، برطانیہ، پرتگال اور کینیڈا سے تھا۔
طیارہ رہائشی علاقے میگھانی نگر میں گر کر بی جے میڈیکل کالج کے ہوسٹل سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔ درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو ٹیمیں، جن میں فوج، این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ اور دیگر ادارے شامل ہیں، امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حادثے کے مقام پر شدید آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو میں لایا گیا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، وزیر صحت جگت پرکاش نڈا، اور برطانوی وزیراعظم کیر اسٹارمر نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق طیارے میں ممکنہ تکنیکی خرابی یا پرندے سے ٹکراؤ ابتدائی وجوہات ہو سکتی ہیں، تاہم مکمل تحقیقات ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بیورو کے تحت کی جا رہی ہیں۔
یہ بوئنگ 787-8 ماڈل کا پہلا بڑا حادثہ ہے، جو ہوابازی کی صنعت کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔