ایئر پنجاب اپریل میں پرواز کیلئے تیار، پنجاب حکومت اپنی پہلی کمرشل ایئرلائن لانچ کرے گی

Air Punjab Air Punjab

ایئر پنجاب اپریل میں پرواز کیلئے تیار، پنجاب حکومت اپنی پہلی کمرشل ایئرلائن لانچ کرے گی

اسلام آباد (صداۓ روس)
پنجاب حکومت نے رواں سال اپریل میں اپنی کمرشل ایئرلائن “ایئر پنجاب” کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ منصوبے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں سات طیاروں کے ذریعے اندرونِ ملک پروازیں شروع کی جائیں گی جبکہ دو برس کے اندر بین الاقوامی روٹس متعارف کرانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق ایئرلائن مکمل طور پر کمرشل بنیادوں پر چلائی جائے گی اور کسی بھی سطح پر “وی آئی پی” مفت سفری سہولت نہیں دی جائے گی۔ حکومتی مؤقف ہے کہ حتیٰ کہ وزیرِ اعلیٰ بھی ٹکٹ خرید کر سفر کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد معیشت کو تقویت دینا اور قومی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر فضائی شعبے میں صوبے کا کردار بڑھانا ہے۔

Advertisement

وزیرِ اطلاعات پنجاب اعظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ ایئر پنجاب کیلئے بیڑا تشکیل دیا جا رہا ہے اور زیرِ حصول طیارے اس سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی معاملات حتمی شکل اختیار کریں گے، عوام کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق زیرِ غور گلف اسٹریم جی 500 ماڈل طیارے کی مالیت تقریباً 10 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔ طیارے کا رجسٹریشن نمبر N144S بتایا گیا ہے اور فی الحال یہ امریکہ میں رجسٹرڈ ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایئر پنجاب اپریل میں اپنی پہلی پرواز کی تیاری کر رہی ہے، جس کیلئے ابتدائی مرحلے میں سات طیارے حاصل کیے جا رہے ہیں۔