امریکہ نے جدید ایف 15 طیارے مار گرائے جانے کو تسلیم کر لیا

F-15 F-15

امریکہ نے جدید ایف 15 طیارے مار گرائے جانے کو تسلیم کر لیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
دنیا کی جدید ترین عسکری ٹیکنالوجی رکھنے والے امریکا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی آپریشن کے دوران ’’فرینڈلی فائر‘‘ کے واقعے میں امریکی فضائیہ کے تین ایف۔15 ای جنگی طیارے تباہ ہو گئے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق یہ واقعہ کویت کی فضائی حدود میں پیش آیا جہاں کویتی فضائی دفاعی نظام نے غلطی سے امریکی طیاروں کو دشمن ہدف سمجھ کر نشانہ بنا لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ واقعہ مشترکہ عسکری کارروائی کے دوران پیش آیا جب خطے میں فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ پر موجود تھا۔ سینٹ کام کے مطابق تباہ ہونے والے تینوں ایف۔15 ای طیاروں میں سوار تمام چھ پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہے اور انہیں بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ تمام پائلٹ محفوظ ہیں اور طبی معائنے کے بعد ان کی حالت تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔

اس سے قبل کویت کی وزارتِ دفاع نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں متعدد امریکی لڑاکا طیاروں کے گرنے کی تصدیق کی تھی۔ کویتی حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں اور عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر کے اسپتال پہنچایا گیا۔ امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ جدید شناختی اور رابطہ نظام موجود ہونے کے باوجود فضائی دفاعی نظام نے طیاروں کو غلطی سے نشانہ کیوں بنایا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق شدید جنگی حالات میں ’’فرینڈلی فائر‘‘ کے واقعات جدید ترین فوجی نظاموں میں بھی مکمل طور پر ختم نہیں کیے جا سکے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور خطے میں وسیع پیمانے پر عسکری سرگرمیاں جاری ہیں، جس کے باعث فضائی دفاعی نظام مسلسل ہنگامی حالت میں کام کر رہے ہیں۔