ارباز علی یوتھ ایم پی اے منتخب — نوجوانوں کی نئی امید
پشاور (صدائے روس)
خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں نوجوان سیاسی و سماجی رہنما ارباز علی نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے یوتھ ایم پی اے منتخب ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ارباز علی کا تعلق ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں، یونین کونسل مجہواں کے گاؤں مساح گوجری سے ہے۔ ان کی کامیابی علاقے کے نوجوانوں کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔ یوتھ اسمبلی کا مقصد نوجوانوں میں سیاسی شعور، پارلیمانی تربیت اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے، جہاں صوبے بھر سے منتخب نوجوان نمائندے معاشرتی مسائل پر آواز اٹھانے اور تجاویز پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اربابِ اختیار اور مقامی برادری کے مطابق ارباز علی ایک متحرک، مخلص اور باصلاحیت نوجوان ہیں جو ہمیشہ اپنے علاقے کے مسائل اجاگر کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ اسی وجہ سے نوجوانوں نے بھرپور اعتماد کے ساتھ انہیں اسمبلی تک پہنچایا۔ علاقے کے عوام اور نوجوانوں کو امید ہے کہ ارباز علی یوتھ اسمبلی میں اپنے علاقے کی سچی آواز بن کر تعلیم، روزگار، کھیلوں کے مواقع، اور سماجی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ سب کی دعا اور توقع ہے کہ وہ محنت، ایمانداری اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اپنے علاقے کے نوجوانوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔
